ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / گنیش تہوارکیلئے پولیس نے کوئی پابندی نہیں لگائی: ڈی جی پی

گنیش تہوارکیلئے پولیس نے کوئی پابندی نہیں لگائی: ڈی جی پی

Sat, 12 Aug 2017 23:36:57    S.O. News Service

بنگلورو:12/ اگست(ایس او نیوز) ریاستی پولیس کے ڈائرکٹر جنرل آر کے دتہ نے بعض ہندو تنظیموں کے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا کہ ریاستی پولیس کی طرف سے گنیش تہوار کے اہتمام پر بندشیں عائد کی گئی ہیں۔ آج اس سلسلے میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی جی پی نے بتایاکہ ریاست کے مختلف شہروں میں گنیش تہوار کے دوران حفاظتی بندوبست کی ذمہ داری متعلقہ پولیس کمشنروں کو سونپی گئی ہے، جبکہ اضلاع میں یہ ذمہ پولیس سپرنٹنڈنٹوں کے سپرد رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ مقامی تنظیموں ، اداروں اور انجمنوں کی سہولت کے حساب سے گنیش تہوار کے متعلق یہی افسران فیصلہ لیں گے۔اس تہوار کے اہتمام پر کسی طرح کی بندش عائد کرتے ہوئے ریاستی پولیس ہیڈکوارٹر سے کوئی حکم جاری نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گنیش تہوار کے اہتمام کیلئے پولیس کی طرف سے عموماً جو ضوابط وضع کئے گئے ہیں اس بار بھی صرف انہی کی پابندی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ تہوار سے قبل دیگر برادران وطن کے ساتھ امن کمیٹی میٹنگ کا اہتمام لازمی قرار دیا گیا ہے۔جہاں بھی گنیش جلوس نکالا جائے گا وہاں منتظمین کو امن برقرار رکھنے کیلئے اپنی طرف سے رضاکار متعین کرنے ہوں گے۔ ڈی جی پی نے بتایاکہ یوم آزادی کے موقع پر بھی حفاظتی انتظامات پر خصوصی توجہ دی گئی ہے اور ریاست بھر میں پولیس فورس کو مستعد رکھا گیا ہے۔ ریاستی حکومت کی طرف سے پولیس افسران کے تبادلوں کو معمول کے مطابق عمل قرار دیتے ہوئے ڈی جی پی نے واضح کیا کہ پولیس کے روز مرہ کے کام کاج میں ریاستی حکومت کی طرف سے کسی بھی طرح کی مداخلت نہیں کی جارہی ہے۔


Share: